بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے صوبہ بھر میں مختلف سروس فراہم کرنے والے شعبوں کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیم قائم کر دی
کوئٹہ۔ 23 اپریل (دوست نیوز):وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے وژن، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب احمد نوشیروانی کی رہنمائی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) نے صوبہ بھر میں مختلف سروس فراہم کرنے والے شعبوں کی مانیٹرنگ کیلئے ایک خصوصی ٹیم قائم کر دی ہے۔ترجمان بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے مطابق یہ ٹیم پیتھالوجیکل لیبارٹریز، ڈاکٹروں، کاسمیٹک سرجنز، ماہرینِ امراضِ جلد (ڈرماٹولوجسٹس)، ہیلتھ کیئر کلینکس اور بیوٹی پارلرز کی نگرانی کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز (BSTS) کے قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔حکام کے مطابق تشکیل دی گئی ٹیم نہ صرف ان شعبوں کی رجسٹریشن اور ٹیکس تعمیل کا جائزہ لے گی بلکہ ڈیٹا اکٹھا کرنے، آگاہی فراہم کرنے اور غیر رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے بھی اقدامات کرے گی۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے میں محصولات کے نظام کو مستحکم بنانے، شفافیت کو فروغ دینے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔
Leave a Reply