یجنگ ۔17اپریل (اے پی پی):چینی ماہرِ بین الاقوامی امور پروفیسر چنگ ژیژونگ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششیں پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کی عکاسی کرتی ہیں۔اے پی پی کے مطابق چارہار انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ فیلو پروفیسر چنگ ژیژونگ نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے پس منظر میں وزیر اعظم شہباز شریف کا سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا دورہ محض رسمی سفارتکاری نہیں بلکہ امن کے قیام کے لیے ایک فعال اور مؤثر کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد کشیدگی میں کمی، علاقائی تعاون میں اضافہ اور دیرپا استحکام کے لیے مذاکراتی ماحول کو فروغ دینا ہے۔چینی ماہر کے مطابق ریاض میں سعودی قیادت کے ساتھ سکیورٹی امور اور دوطرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی، جبکہ دوحہ میں امیر قطر کے ساتھ ملاقات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مشترکہ حل تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا ترکیہ کا دورہ انقرہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں پاکستان کے امن اور علاقائی رابطوں کے وژن کو پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
پروفیسر چنگ ژیژونگ نے کہا کہ پاکستان خود کو ایک غیر جانبدار ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے اور مختلف تنازعات میں بات چیت کے ذریعے حل کی حمایت کرتا ہے، جو خطے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن نہ صرف خطے بلکہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی ناگزیر ہے کیونکہ توانائی، ترسیلات زر اور سرمایہ کاری کا انحصار اسی خطے کے استحکام سے جڑا ہوا ہے۔چینی ماہر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی یہ سفارتی کوششیں خطے میں مکالمے اور تعاون کے ذریعے دیرپا امن کے قیام کی سمت ایک مثبت اور اہم قدم ہیں۔



