
محمد خالد
واشنگٹن۔15 اپریل: ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال اپنے اختتامی مرحلے کے قریب پہنچ چکی ہے، اور جلد کسی ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے معروف صحافی ماریا بارٹیرومو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی، جو فاکس نیوز پر نشر کیا جائے گا۔ انٹرویو کے کچھ حصے جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ مکمل انٹرویو پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح نشر ہوگا۔
جاری کردہ کلپ میں ماریا بارٹیرومو کے سوال پر کہ آیا جنگ ختم ہو چکی ہے، صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ان کے خیال میں یہ جنگ “ختم ہونے کے قریب” ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کے اندازے کے مطابق ایران کسی نہ کسی معاہدے تک پہنچنے کا خواہشمند ہے، جو خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف کارروائی نہ کی ہوتی تو ایران اب تک جوہری ہتھیار حاصل کر چکا ہوتا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ بیان عالمی سیاست میں ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں ایک طرف جنگی بیانیہ موجود ہے تو دوسری جانب مذاکرات اور معاہدے کی امید بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔



