اسلام آباد۔16اپریل (دوست نیوز):ڈیجیٹل مائیکروفنانس ادارے موبی لنک بینک نے جی ڈی ای آئی بی ایوارڈز 2026 میں عالمی معیار کے تنوع، مساوات اور شمولیت کے بہترین معیارات کی حامل ٹاپ 10 کمپنیوں میں شمولیت کا بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ موبی لنک بینک کو تمام 15 کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی پر سراہا گیا، یہ قابل ذکر اعزاز بینک کے عالمی معیار کے تنوع، مساوات اور شمولیت (ڈی ای آئی ) کے بہترین طریقوں پر مستحکم عمل اور پاکستان میں جامع ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
جمعرات کو جاری بیان کے مطابق موبی لنک بینک نے تنوع، مساوات اور شمولیت(ڈی ای آئی ) کے اصولوں کو ادارے میں ہر سطح پر شامل کیا جس کے باعث جی ڈی ای آئی بی کی مختلف کٹیگریز میں اسے بلند ترین ’’بیسٹ پریکٹس‘‘ سطح پر تسلیم کیا گیا۔بینک اپنی مجموعی جی ڈی ای آئی بی سکورنگ کی بنیاد پر پاکستان کے صفِ اول کے اداروں میں شمار ہوتا ہے اور جامع شمولیت کے بہترین معیار کی اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ بینک کی قابل ذکر ترقی اس کی قیادت میں بھی واضح نظر آتی ہے جہاں ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹیم میں خواتین کا تناسب 38 فیصد جبکہ فیوچر لیڈرشپ ٹیم میں 30 فیصد ہے۔ یہ اعداد و شمار متوازن صنفی قیادت اور فیصلہ سازی میں جامع شمولیت کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔
موبی لنک بینک کے صدر و سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا کہ موبی لنک بینک میں تنوع اور شمولیت پائیدار ترقی اور ذمہ دار قیادت کا بنیادی حصہ ہیں، گلوبل ڈائیورسٹی، ایکویٹی اینڈ، انکلوژن بنچ مارکس ایوارڈز میں یہ کامیابی عالمی معیار سے ہماری ہم آہنگی اور ہمارے مؤثر اثرات کی تصدیق ہے، ہم اپنی حکمتِ عملی میں ڈی ای آئی کو شامل کر کے نہ صرف اپنی تنظیمی ثقافت کو مضبوط بنا رہے ہیں بلکہ ملک بھر میں مختلف طبقات کی بہتر خدمت کے قابل بھی ہو رہے ہیں۔
بینک کی چیف پیپل آفیسر علینہ تنویرنے کہا کہ ہم ابھرتی، تربیت اور قیادت کے ہر مرحلے میں تنوع، مساوات اور شمولیت کو پیش نظر رکھتے ہیں، ہمارا مقصد مساوی مواقع فراہم کرنا اور ایسا ماحول قائم کرنا ہے جہاں ہر فرد خود کو بااختیار، باوقار اور مؤثر کارکردگی کے قابل محسوس کرے، یہ کامیابی ہماری ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے،یہ کامیابی بینک کی جانب سے ایک شمولیتی اور مساوی کام کے ماحول کے فروغ کے لئے مسلسل کوششوں اور سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے۔
موبی لنک بینک خواتین کی قیادت کے فروغ کے لئے ویمن انسپائریشنل نیٹ ورک ، خصوصی افراد کے لئے ’ہمقدم‘ ، ملازمین کی مجموعی فلاح کے لئے موبی کیئر اور خواتین کی دوبارہ ملازمت میں شمولیت کے لئے’موبی لنک ہر‘ جیسے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، یہ تمام پروگرام معاشرے کے مختلف طبقات کے لئے بامعنی مواقع پیدا کرنے میں موثر ہیں۔ایچ آر میٹرکس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے گلوبل ڈائیورسٹی، ایکویٹی اینڈ، انکلوژن بنچ مارکس ایوارڈز ان اداروں کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں جو تنوع، مساوات اور شمولیت کو جدت، اعتماد اور پائیدار ترقی کے لئے ایک سٹریٹجک محرک کے طور پر اپناتے ہیں۔ موبی لنک بینک کی یہ کامیابی پاکستان میں ایک شمولیتی، مضبوط اور مستقبل سے ہم آہنگ مالیاتی نظام کی تشکیل میں اس کے کردار کو اجاگر کرتی ہے



