وزیراعظم کا روبوٹکس اور اٹانومس سسٹمز کے لیے بڑے فنڈ کا اعلان
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی خودمختاری کے تحفظ اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے روبوٹکس اور اٹانومس سسٹمز کی ترقی کے لئے ‘سپارک اینڈ ایلیویٹ’ پروگرام کے آغاز اور 20 ملین ڈالر کا پاکستان وینچر فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں ملکی صلاحیتیں بڑھانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، معرکہ حق میں افواج نے جدید آٹونومس سسٹمز اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا ہے۔ ٹیکنالوجی کا انقلاب چند جدید معیشتوں، بڑی کارپوریشنز اور بڑے شہروں تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ سب کے لیے مساوی ترقی ہونی چاہئے۔ جدت کو قابل عمل حل میں بدل کر عوام کی زندگی آسان بنائیں گے، اور انتھک محنت سے آئندہ نسلوں کے لئے روشن اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔
انڈس راس روبوٹکس ایکسپو کا انعقاد

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں انڈس راس روبوٹکس اینڈ اٹانومس سسٹمز ایکسپو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ انڈس راس روبوٹکس اینڈ اٹانومس سسٹمز ایکسپو میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے، اس سے ٹیکنالوجی کے شعبے میں صف اول کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ نمائش پاکستان کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صف اول کا ملک بنائے گی۔ واضح رہے کہ مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس پاکستان کی معیشت کا مستقبل ہیں، شزا فاطمہ نے بھی اس عزم کا اظہار کیا ہے۔
ٹیکنالوجی کا استعمال اور قومی دفاع

وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال کے اوائل میں پاکستان نے انڈس اے آئی سمٹ کی میزبانی کی جس سے مصنوعی ذہانت کے دور میں پاکستان کے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے حکومتی نمائندوں، ٹیکنالوجی لیڈرز اور محققین کو مل بیٹھنے کا موقع ملا۔ روبوٹکس اور ڈرونز کی جدت سے معیشت مضبوط، سلامتی بہتر اور عوام کی زندگی آسان ہوگی۔ انہوں نے فخریہ طور پر کہا کہ پاکستان نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں ملکی صلاحیتیں بڑھانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی اپنائی، سیمولیٹرز سو فیصد پاکستان میں تیار ہو رہے ہیں اور ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر لی گئی ہے۔
مستقبل کا لائحہ عمل
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کسانوں کی حالت بہتر ہو، چھوٹے کاروبار فروغ پائیں، کاروبار کرنے والے خواتین کو سہولیات ملیں اور کمزور طبقات کو فائدہ پہنچے۔ محفوظ اور شفاف آٹونومس سسٹمز کے لئے واضح قانون سازی اور اخلاقی فریم ورک بنانا چاہئے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں روبوٹکس اور اٹانومس سسٹمز کی ترقی کے لئے ‘سپارک اینڈ ایلیویٹ’ پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا، جس کے ذریعے پاکستان میں عالمی معیار کی ٹیکنالوجیز کے لیے تحقیق کو فروغ دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ انڈس راس ایکسپو 2025 پاکستان میں روبوٹکس اور آٹومیشن کا قومی ایونٹ ہے اور آج روبوٹس فیکٹریوں سے نکل کر ہر میدان میں آسانی پیدا کر رہے ہیں۔
