نوبیل انعام نہ ملنے پر ٹرمپ ناروے پر برس پڑے، ’’انتہائی گھٹیا ملک‘‘ قرار دے دیا، نارویجن تارکینِ وطن کو امریکہ میں خوش آمدید کہنے سے انکار
نوبیل انعام نہ ملنے پر ٹرمپ ناروے پر برس پڑے، ’’انتہائی گھٹیا ملک‘‘ قرار دے دیا، نارویجن تارکینِ وطن کو امریکہ میں خوش آمدید کہنے سے انکار
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امن کا نوبیل انعام نہ ملنے پر ناروے کے خلاف اپنی بیان بازی میں شدت پیدا کرتے ہوئے اسے ’’انتہائی گھٹیا ملک‘‘ قرار دے دیا اور کہا ہے کہ ناروے سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن کو امریکہ میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز ناروے کے لیے انتہائی توہین آمیز الفاظ استعمال کرتے ہوئے اسے انگریزی میں ’’Shithole Country‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ناروے سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن کو امریکہ میں خوش آمدید نہیں کہیں گے کیونکہ اوسلو میں قائم نوبیل کمیٹی نے انہیں امن کا نوبیل انعام نہیں دیا۔
ٹرمپ کی ناروے کے خلاف سخت بیان بازی کی بنیادی وجہ نوبیل امن انعام نہ ملنے پر ان کی ناراضی بتائی جا رہی ہے۔ امریکی صدر متعدد مرتبہ یہ خواہش ظاہر کر چکے ہیں کہ انہیں امن کا نوبیل انعام دیا جانا چاہیے۔
ان کے بیان نے امریکہ اور ناروے کے تعلقات کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ سیاسی اور سفارتی حلقوں میں بھی ان کے توہین آمیز الفاظ پر ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ امن کا نوبیل انعام دینے کا فیصلہ ناروے کی حکومت نہیں بلکہ ایک آزاد پانچ رکنی نارویجن نوبیل کمیٹی کرتی ہے، جس کا صدر دفتر اوسلو میں واقع ہے۔
