بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کیلئے خوشخبری
اسلام آباد (دوست نیوز) بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے کہ عالمی سطح پر پاکستانی پاسپورٹ کے اجراء میں حائل فنی رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں، جس کے بعد سروس مکمل طور پر بحال ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ ہیڈ کوارٹر نے نظام میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کو کامیابی سے حل کر دیا ہے، جس کے بعد گزشتہ چار روز سے معطل پاسپورٹ اجراء کا عمل دوبارہ بحال ہو گیا ہے، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے تصدیق کی ہے کہ پاسپورٹ ہیڈ کوارٹر نے فنی خرابی کا مسئلہ حل کر دیا جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں پاسپورٹ اجرا کی سروس بحال ہو گئی، جس کے نتیجے میں چار روز بعد دنیا بھر میں پاسپورٹ اجراء کا آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز سے سسٹم میں خرابی کے باعث بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ خاص طور پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یورپی ممالک میں پاسپورٹ آپریشنز مکمل طور پر رک گئے تھے، ان ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کو نئے پاسپورٹ کے حصول اور پرانے پاسپورٹس کی تجدید میں دشواری پیش آ رہی تھی، جس سے ان کے سفری معاملات اور ویزہ پراسیسنگ متاثر ہو رہی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل ٹیموں نے دن رات کام کر کے مرکزی سرور اور عالمی ڈیٹا لنک میں موجود فنی مسئلے کو حل کر لیا ہے، اب تمام پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں پاسپورٹ کی درخواستوں پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، معطلی کے دوران جمع ہونے والی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا تاکہ شہریوں کا انتظار ختم ہو سکے۔
Leave a Reply