سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کر گئے
سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کر گئے
اسلام آباد: پاکستان کے سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ نے 1993 سے 1996 تک پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ پاکستان کی عسکری تاریخ کی اہم شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔
ان کا دورِ سربراہی پاکستان کی سیاسی اور عسکری تاریخ کے ایک اہم دور سے عبارت تھا۔ 1993 میں ملک میں پیدا ہونے والے شدید سیاسی بحران کے دوران ان کے کردار کو خصوصی اہمیت حاصل رہی، جب صدر غلام اسحاق خان اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان کشیدگی کے بعد دونوں عہدے داروں نے استعفے دیے تھے۔
جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر ملک کی عسکری اور سیاسی حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون۔
