عمران خان کی تینوں بہنوں کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع
عمران خان کی تینوں بہنوں کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع
لاہور: پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی بہنوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تینوں خواتین کی 30 روزہ نظر بندی میں مزید توسیع کی جا چکی ہے۔
سرکاری وکیل کے مطابق تینوں بہنوں کی نظر بندی میں 7 اکتوبر کو توسیع کی گئی تھی۔ عدالت کو اس حوالے سے پنجاب کے ہوم سیکرٹری کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس کی روشنی میں لاہور ہائیکورٹ نے بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔
جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر عظمیٰ خان کے شوہر احد خان اور علیمہ خان کے بیٹے بھی عدالت میں موجود تھے۔
درخواست گزار کے وکیل رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔
وکیل نے دوران سماعت 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کا حوالہ بھی دیا، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالت درخواست میں کی گئی استدعا سے آگے بڑھ کر کوئی حکم جاری نہیں کر سکتی۔
تینوں بہنوں کو ستمبر میں پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس کے تحت حراست میں لیا گیا تھا اور انہیں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔
