محمد خالد
آئی ایس پی آر
راولپنڈی، 16 اپریل 2026: پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز مشق ’’جناح-13‘‘ ترکیہ میں کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی، جس میں انسداد دہشت گردی آپریشنز پر خصوصی توجہ دی گئی۔
پاک فوج کی جنگی ٹیموں نے ترک افواج کے ساتھ مل کر اس مشق میں حصہ لیا، جبکہ تربیتی سرگرمیاں انقرہ اور اسپارٹا میں منعقد ہوئیں۔ اس دوران دونوں ممالک کی افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا اعلیٰ معیار پیش کیا۔
مشق کے دوران تمام تربیتی اور عسکری سفارتی اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے۔ دونوں ممالک کے دستوں نے بھرپور ہم آہنگی کے ساتھ جدید حربی مہارتوں کا مظاہرہ کیا، جسے ماہرین نے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اس مشق کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی سے متعلق مشقوں، طریقہ کار اور تکنیک کو مزید بہتر بنانا تھا۔ خاص طور پر شہری علاقوں میں جنگی حکمت عملی اور دیسی ساختہ بموں (IEDs) سے نمٹنے کے طریقوں پر مشترکہ تربیت دی گئی۔
مزید برآں، یہ مشق دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی بنی، جو مستقبل میں دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔



