مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 26°C
ہفتہ، 3 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 277.10 EUR/PKR 312.29 GBP/PKR 365.99 سونا/تولہ 430,384 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $84,551 USD/PKR 277.10 EUR/PKR 312.29 GBP/PKR 365.99 سونا/تولہ 430,384 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $84,551
بزنس

مالی بجٹ 27-2026: ٹیکس اصلاحات سے مڈل کلاس اور معیشت کو کیسے فائدہ؟

📅 جمعرات، 18 جون 2026 ✍️ Dost news ⏱ 11 منٹ
تصویر
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

لاہور (قاسم فاروق)۔ پاکستان کا مالی سال 2026-2027 کا بجٹ ایک ایسے وقت پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا ہے جب ملکی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ اس استحکام کے ثمرات براہِ راست عوام، خصوصاً ملک کے ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے مڈل کلاس طبقے اور قانون پسند ٹیکس دہندگان تک پہنچائے جائیں۔ کسی بھی ترقی پذیر ملک کی معاشی بقا اور خود مختاری کا دارومدار اس بات پر ہوتا ہے کہ اس کا ٹیکس کا نظام کتنا منصفانہ، شفاف اور جامع ہے۔ موجودہ بجٹ میں پیش کی جانے والی تجاویز، بالخصوص دستاویزی معیشت کے فروغ اور ٹیکس سلیب میں ریلیف کے اقدامات، نہ صرف ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہیں بلکہ ان سے عام آدمی اور فائلرز کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا ایک نیا باب کھلا ہے۔ اس مضمون کا بنیادی مقصد انھی مثبت پہلوؤں کا احاطہ کرنا ہے کہ کس طرح یہ نئے اقدامات معیشت کو سہارا دیں گے اور موجودہ اصلاحات کس طرح مڈل کلاس طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کا باعث بنیں گی۔

ماضی کا ٹیکس نظام اور اس کی خامیاں

ماضی میں پاکستان میں ٹیکسیشن کے روایتی نظام سے وسیع پیمانے پر ٹیکس جمع کرنا ممکن نہ تھا۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے مختلف حکومتوں نے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے کیلئے مختلف قسم کے اقدامات کئے جس سے ٹیکس کلیکشن میں اضافہ تو ہوا لیکن اس کا ایک نتیجہ یہ نکلا کہ ٹیکس کا سارا بوجھ پہلے سے رجسٹرڈ اور تنخواہ دار طبقے پر پڑ گیا۔ ماضی کی پالیسیوں میں نان فائلرز اور فائلرز کے درمیان کوئی واضح اور مؤثر تفریق موجود نہیں تھی، بلکہ بعض مبصرین کا خیال تھا کہ ماضی کے طریق کار میں ٹیکس چوری کرنے والوں کی نادانستہ طور پر حوصلہ افزائی ہو رہی تھی اور قانون کے مطابق ٹیکس ادا کرنے والے فائلرز کو پیچیدہ طریقہ کار اور ایف بی آر کے فیلڈ افسران کی صوابدیدی کارروائیوں کے ذریعے ہراساں کیا جاتا تھا۔ اس سے نہ صرف ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد کے رشتے کو کمزور ہوتا ہے بلکہ اس سے ملک میں غیر دستاویزی اور متوازی معیشت کو بھی فروغ ملتا ہے۔ تاجروں اور ریٹیلرز کی ایک بہت بڑی تعداد، جو ملکی معیشت کا ایک بڑا حصہ ہیں، ٹیکس کے نظام سے مکمل طور پر باہر رہی۔ ماضی میں آڈٹ اور اسیسمنٹ کے معاملات میں انسانی مداخلت کی وجہ سے کرپشن اور ٹیکس چوری کا احتمال بڑھا۔

تنخواہ دار طبقے کے لیے تاریخی ریلیف

موجودہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت نے ٹیکس سسٹم کی ان خرابیوں کا ادراک کرتے ہوئے ایک انقلابی اور واضح حکمتِ عملی اپنائی ہے، جس کا حتمی مقصد نئے ٹیکس لگانے یا شرح میں اضافہ کرنے کے بجائے موجودہ قوانین کے نفاذ اور دستاویزی معیشت کے پھیلاؤ کے ذریعے محصولات کو بڑھانا ہے۔ اس سلسلے میں سب سے بڑا اور نمایاں ریلیف مڈل کلاس تنخواہ دار طبقے کو فراہم کیا گیا ہے، جس کی مشکلات کا حکومت کو بخوبی احساس ہے۔ نئے بجٹ میں سالانہ 22 لاکھ سے 32 لاکھ روپے کمانے والے تنخواہ دار افراد کے لیے ٹیکس کی شرح کو 23 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ 32 لاکھ سے 41 لاکھ روپے کمانے والوں کے لیے یہ شرح 30 فیصد سے گھٹا کر 25 فیصد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح 41 لاکھ سے 56 لاکھ روپے سالانہ آمدن والے افراد کے لیے انکم ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 29 فیصد اور 56 لاکھ سے 70 لاکھ روپے تک تنخواہ حاصل کرنے والوں کے لیے ٹیکس کی شرح کو 35 فیصد سے کم کر کے 32 فیصد کرنے کی اہم تجاویز دی گئی ہیں۔ اس سے بھی بڑھ کر ایک تاریخی اقدام یہ کیا گیا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر عائد دیرینہ سرچارج جو کہ نو فیصد تک تھا، اب مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اقدامات مڈل کلاس کے لیے ایک بہت بڑا ریلیف فراہم کریں گے اور ان کی قوتِ خرید میں اضافہ ہو گا، جس سے ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

دستاویزی معیشت اور چھوٹے تاجروں کے لیے آسانیاں

دستاویزی معیشت کے فروغ اور چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اس بار حکومت نے اپنی روایتی حکمتِ عملی کو تبدیل کر کے مشاورت اور آسانیاں پیدا کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے۔ اس بجٹ میں انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 99B کے تحت چھوٹے دکانداروں کے لیے ایک انتہائی آسان اور پرکشش ‘فکسڈ ٹیکس سسٹم’ متعارف کرایا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت وہ تمام دکاندار آ سکتے ہیں جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہے اور انھیں اپنی سالانہ سیلز کا صرف ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہو گا، جس میں وہ اپنا ودہولڈنگ ٹیکس بھی ایڈجسٹ کرا سکیں گے۔ اس نظام کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ ان تاجروں کا روٹین میں کوئی آڈٹ نہیں ہو گا، خریداری پر ودہولڈنگ کی کوئی ذمہ داری نہیں ہو گی اور انھیں پوائنٹ آف سیل (POS) مشین رکھنے سے بھی استثنا ہو گا۔ قانون پسند دکانداروں کو ایف بی آر کی طرف سے ایک سبز رنگ کی تختی دی جائے گی جس پر تصدیق شدہ کیو آر کوڈ چسپاں ہو گا اور اس تختی کی دکان پر موجودگی کی صورت میں کسی بھی ایف بی آر اہلکار کو پوچھ گچھ کے لیے دکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ٹیکس گوشوارہ بھی اردو اور مقامی زبانوں میں صرف ایک صفحے کا ہو گا، جس سے عام دکاندار بغیر کسی وکیل یا پیچیدگی کے اپنا ٹیکس خود جمع کرا سکے گا، اور یوں معیشت کو دستاویزی بنانے کے ساتھ ساتھ تاجروں کو تحفظ اور عزت دی گئی ہے۔ ایسی ہی بجٹ تجاویز فٹ ویئر انڈسٹری کے فروغ کیلئے بھی پیش کی گئی ہیں۔

تعمیراتی شعبے کی بحالی اور ڈیجیٹلائزیشن

تعمیراتی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے کی بحالی بھی فائلرز کے لیے اس بجٹ کا ایک انتہائی مثبت پہلو ہے، کیونکہ جب کنسٹرکشن کا شعبہ چلتا ہے تو اس کے ساتھ سیمنٹ، لوہا، شیشہ، پینٹس اور ہارڈ ویئر سمیت 40 سے زائد دیگر صنعتیں وابستہ ہیں جو مڈل کلاس اور عام مزدور طبقے کو لاکھوں روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ حکومت نے جائیداد کی منتقلی پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کو معقول بناتے ہوئے فائلرز کے لیے خریداری پر ٹیکس 2.5 فیصد سے کم کر کے 1.25 فیصد اور فروخت پر 5.5 فیصد سے کم کر کے 2.75 فیصد کرنے کی تجویز دی ہے، جس سے نہ صرف رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں مندی کا خاتمہ ہو گا بلکہ غیر رجسٹرڈ سرمائے کو قانونی اور دستاویزی شکل میں لانے کی ترغیب ملے گی۔ اسی طرح معیشت کو مزید ڈیجیٹل اور دستاویزی بنانے کے لیے بینکوں کے جاری کردہ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے بیرونِ ملک استعمال پر عائد 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کو کم کر کے صرف 0.5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ لوگ رقم کی منتقلی کے لیے ہنڈی یا دیگر غیر روایتی اور غیر قانونی ذرائع کا استعمال چھوڑ کر رسمی اور دستاویزی بینکنگ چینلز کی طرف راغب ہوں، جس سے معیشت کو مانیٹر کرنا آسان ہو جائے گا۔

ایف بی آر میں جدید فیس لیس نظام

بجٹ کا ایک اور انقلابی اور جدید ترین پہلو ایف بی آر کے اندر ‘نیشنل فیس لیس سینٹر اینڈ اسیسمنٹ سسٹم’ کا قیام ہے، جو ٹیکس کے نظام سے کرپشن اور ہراسانی کے خاتمے میں ایک میل کا پتھر ثابت ہو گا۔ ماضی میں ٹیکس دہندگان اور ٹیکس افسران کے درمیان براہِ راست رابطہ ہی کرپشن اور من مانی اسیسمنٹ کی بنیادی وجہ تھا، لیکن اب صوابدیدی اور غیر صوابدیدی افعال کو قانوناً ایک دوسرے سے الگ کر دیا گیا ہے۔ نیشنل فیس لیس سینٹر میں آڈٹ اور اسیسمنٹ کا کام مکمل طور پر انسانی مداخلت کے بغیر اور ڈیٹا کی بنیاد پر خودکار طریقے سے ہو گا، جہاں سنگل اور ڈبل بلائنڈ موڈ کے تحت ٹیکس دہندہ اور ٹیکس آفیسر ایک دوسرے کی شناخت سے مکمل طور پر بے خبر ہوں گے اور تمام پیغام رسانی صرف پورٹل کے ذریعے ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ‘الگورتھمک سیٹلمنٹ میکانزم’ اور ‘سینٹرل ڈیٹا ہب’ کے ذریعے گاڑیوں، جائیدادوں، بینکوں اور یوٹیلیٹی ریکارڈز کے ڈیٹا کو یکجا کر کے ٹیکس پیئرز کا رسک پروفائل تیار کیا جائے گا، اور اگر کوئی سقم پایا گیا تو سسٹم خودکار طریقے سے سیٹلمنٹ کی پیشکش کرے گا، جسے قبول کر کے ٹیکس دہندہ بغیر کسی اضافی جرمانے یا انسانی پریشانی کے اپنا گوشوارہ درست کر سکے گا۔ یہ ٹیکنالوجی پر مبنی نظام فائلرز کے لیے بے پناہ آسانیاں پیدا کرے گا اور ٹیکس چوری کے راستے ہمیشہ کے لیے بند کر دے گا۔

خلاصہ

مجموعی طور پر، دستاویزی معیشت کا فروغ اور ٹیکس سلیب میں ریلیف مڈل کلاس اور فائلرز کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے طویل مدتی استحکام کی مضبوط ضمانت ہیں۔ مڈل کلاس طبقے کو ملنے والا ٹیکس ریلیف ان کی بچتوں اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو بڑھائے گا، جبکہ چھوٹے تاجروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم اور ٹیکنالوجی کا منصفانہ استعمال ٹیکس بیس کو وسیع کر کے ملکی ریونیو میں پائیدار اضافہ کرے گا۔ ماضی کی غیر دستاویزی اور مبہم ٹیکسیشن کی مشقوں کو خیرباد کہہ کر ڈیجیٹل اور فیس لیس اصلاحات کی طرف پیش قدمی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اب ایک جدید، دستاویزی اور مستحکم معیشت بننے کی راہ پر گامزن ہے، جہاں ٹیکس کا بوجھ چند کندھوں پر ڈالنے کے بجائے برابری اور انصاف کی بنیاد پر تقسیم کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف معاشی خوشحالی آئے گی بلکہ عام آدمی کا ریاست پر اعتماد بھی بحال ہو گا۔ پنجاب کے بجٹ میں بھی اسی طرح کے دعوے سامنے آئے ہیں۔

ٹیگز: #ایف بی آر #بجٹ 2026-27 #ٹیکس اصلاحات #دستاویزی معیشت #مڈل کلاس
SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں