ورلڈ اسکلز شنگھائی 2026: پاکستان کی پہلی شرکت، تین نوجوانوں کے نتائج سامنے آگئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن حقیقت بن گیا، ورلڈ اسکلز شنگھائی میں پاکستانی نوجوانوں کی شاندار کارکردگی
پاکستان کی ورلڈ اسکلز مقابلے میں تاریخی شرکت، تینوں نوجوانوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ پاکستان نے پہلی بار ورلڈ اسکلز مقابلے میں شرکت کرتے ہوئے شنگھائی میں مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔
پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ ورلڈ اسکلز مقابلے میں شرکت کرنے والے تین نوجوانوں، مدثر حسین نے الیکٹریکل انسٹالیشنز، محید محبوب نے کوکنگ جبکہ نبیل عارفین میمن نے گرافک ڈیزائن ٹیکنالوجی کے مقابلے میں حصہ لیا۔
پاکستانی نوجوانوں نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مختلف مراحل کے قومی ہنر مندی کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ اسکلز مقابلے تک رسائی حاصل کی۔ اس طویل اور مشکل مرحلے میں زونل، ریجنل، صوبائی اور قومی سطح کے مقابلے شامل تھے۔
چیئرمین NAVTTC انجینئر قمر الاسلام راجہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے شنگھائی میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور مقابلے کے مختلف مراحل میں ان کے ساتھ موجود رہے۔
ورلڈ اسکلز مقابلے میں 70 سے زائد ممالک اور خطوں کے نوجوان ہنرمندوں نے شرکت کی، جہاں پاکستان کے نوجوانوں نے محدود وسائل اور مختصر تربیتی مدت کے باوجود بھرپور اعتماد کے ساتھ عالمی سطح کے ماہر نوجوانوں کا مقابلہ کیا اور نمایاں اسکور حاصل کیے۔
پاکستانی نوجوانوں کی یہ کارکردگی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ باصلاحیت پاکستانی نوجوان عالمی معیار کے ہنر اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ پہلی مرتبہ عالمی سطح کے اس بڑے مقابلے میں شرکت پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل اور مستقبل کے لیے ایک مضبوط بنیاد ہے۔
اس موقع پر چیئرمین NAVTTC انجینئر قمر الاسلام راجہ نے پاکستانی نوجوانوں کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے ہنر مند نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی بھرپور انداز میں کی اور ملک کا نام روشن کیا۔
حکومت پاکستان نوجوانوں کو عالمی معیار کی فنی و پیشہ ورانہ تربیت، جدید مہارتوں اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ NAVTTC اور اس کے شراکت دار مستقبل میں بھی ورلڈ اسکلز سمیت عالمی مقابلوں کے لیے پاکستانی نوجوانوں کی تیاری اور تربیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔
ورلڈ اسکلز شنگھائی میں پاکستانی نوجوانوں کی یہ شرکت ایک نئے سفر کا آغاز ہے، جو مستقبل میں مزید نوجوانوں کو عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرے گا۔

