وزیراعظم کا بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری تیز کرنے کا حکم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، جس کا مقصد ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنا اور خسارے میں چلنے والے ریاستی ملکیتی اداروں کا بوجھ کم کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تمام عمل انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے شکوک و شبہات سے بچا جا سکے۔
نجکاری کی ضرورت اور حکومتی ترجیحات
وزیراعظم نے منگل کو اپنی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ اقدام نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ کم کرے گا بلکہ سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھولے گا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر احمد تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ڈسکوز کی نجکاری کے بعد ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور نجی شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
پہلا مرحلہ اور عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی
اجلاس کو ڈسکوز کی نجکاری کے حوالے سے پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کی جائے گی۔ ان تین ڈسکوز کی نجکاری کے حوالے سے ایکسپریشن آف انٹرسٹ (EOI) ملکی و بین الاقوامی اخبارات میں پہلے ہی دیا جا چکا ہے اور کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے ان کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری بھی دے دی ہے۔ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے رواں ماہ سے روڈ شوز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کے لیے بین الاقوامی سطح پر بھی خصوصی روڈ شوز شامل ہیں۔ یہ روڈ شوز عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کریں گے۔
