تاریخی کامیابی: ڈریپ کو ICH میں مبصر کا درجہ حاصل

اسلام آباد (دوست نیوز رپورٹ) — ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو انٹرنیشنل کونسل فار ہارمونائزیشن (ICH) سے مبصر کا درجہ حاصل ہو گیا ہے۔ یہ ایک تاریخی کامیابی ہے جس کا فیصلہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں 2 تا 3 جون کو منعقدہ ICH اسمبلی اجلاس کے دوران کیا گیا۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق، وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے ڈریپ کو اس اہم سنگ میل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈریپ کو آئی سی ایچ میں مبصر کا درجہ ملنا ایک عالمی سطح کے فورم پر پاکستان کی نمایاں پیشرفت ہے۔
عالمی معیار سے ہم آہنگی اور اعتماد میں اضافہ
وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ICH ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں دنیا کے بڑے ریگولیٹری ادارے اور صنعت کے نمائندے مل کر ادویات کے معیار اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے رہنما اصول تیار کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پیش رفت پاکستان کے ریگولیٹری نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ ڈریپ کا عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے، جس سے پاکستان کے ریگولیٹری نظام کی صلاحیت، ڈریپ کی شفافیت اور کارکردگی مزید بہتر ہوگی، اور فارماسیوٹیکل نظام پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
