آزادیٔ صحافت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح، فیک نیوز کا سدباب اور ذمہ دار صحافت وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد۔ 3مئی (دوست نیوز):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےآزادیِ صحافت کے تحفظ،فروغ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا نہ صرف ہماری معاشرتی، سیاسی اور معاشی تنوع کی عکاسی کرتا ہے بلکہ قومی یکجہتی و استحکام کے فروغ کا باعث ہے،پروپیگنڈہ، فیک نیوز، غیر مستند اور غیر تصدیق شدہ خبروں کی ترسیل کو اپنی پیشہ ورانہ اقدار کے تحت روکنا ہر صحافی کا فرض ہے، معرکہ حق کے لمحات مسلح افواج کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ قومی طاقت کا مظہر تھے ،صحافی برادری کا کردار بھی لائق تحسین رہا۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر وہ پاکستان اور دنیا بھر کے صحافیوں، کالم نویسوں، رپورٹرز، مدیران، براڈکاسٹنگ اورصحافت سے وابستہ تمام افراد کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،صحافت سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی ایک باخبر اور با شعور معاشرے کی ضمانت ہے، مستند اور تعصب سے پاک غیر جانبدارانہ خبروں کی بروقت اشاعت و نشریات ہی اصل صحافت کی اساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈہ، فیک نیوز، غیر مستند اور غیر تصدیق شدہ خبروں کی ترسیل کو اپنی پیشہ ورانہ اقدار کے تحت روکنا ہر صحافی کا فرض ہے۔ صحافی نہ صرف پیشہ ورانہ بلکہ سماجی اقدار کے امین ہیں،اس سال عالمی یومِ آزادیِ صحافت ’’پرامن مستقبل کی تشکیل‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے۔ یہ موضوع دور حاضر کی ضروریات کی عکاسی کرتا ہے، صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی میں ایک باوقار، باحفاظت اور سازگار ماحول کے حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں امن و امان کا ماحول محض سفارت کاری سے حاصل نہیں ہوتا بلکہ مستند معلومات، ذمہ دارانہ صحافت اور عوامی رائے اسکی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔ بین الاقوامی تعلقات، ممالک کے مابین سفارتی، معاشی، معاشرتی باہمی تعلق کو مثبت، بامعنی اور موثر بنانے میں میڈیا تعمیری کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،بیشتر اوقات نکتہ نظر کی صحیح ترجمانی بہت سے پیچیدہ مسائل حل کر دیتی ہے، یہی ذمہ دارانہ صحافت کا طرہ امتیاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور اختلاف رائے سے لے کر کشیدگی کے دیر پا حل تک مکالمے اور مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے۔ موجودہ حالات میں سفارتی میدان میں پاکستان، کشیدگی میں کمی، مکالمے کے فروغ اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے ،اس تناظر میں عالمی سطح پر میڈیا نے پاکستان کی تحسین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ اور زمانہ امن کے علاوہ قومی میڈیا نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھی ایک اہم ذمہ داری ادا کی ،مربوط قومی ردعمل اور خودمختاری کے دفاع میں قومی یکجہتی اور پاکستان کے مؤقف کو وضاحت اور تحمل کے ساتھ پیش کیا،میڈیا نے عوام کو آگاہ رکھا اور غلط معلومات کا تدارک کیا۔معرکہ حق کے لمحات مسلح افواج کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ مشترکہ قومی طاقت کا مظہر تھے جس میں ذمہ دار میڈیا بخوبی شامل تھا اور تمام صحافی برادری کا کردار لائق تحسین تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم ان صحافیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی جرات ہمیں یاد دلاتی ہے کہ آزادی صحافت ایک بیش قدر اثاثہ ہے،میڈیا کا منظرنامہ بڑی تیزی سے جدت کو اپناتے ہوئے تبدیل ہو رہا ہے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ملکی و عالمی رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،ایسی صورتحال میں قومی تشخص اور نکتہ نظر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا اداروں کو ڈیجیٹل میدان میں جدت سے خود کو ہم آہنگ کرنے میں رفتاراور احساس ذمہ داری دونوں درکار ہیں،جعلی خبروں اور منظم گمراہ کن مہمات کا پھیلاؤ قومی ہم آہنگی اور عالمی ساکھ کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہے،خبروں تک جلد رسائی اور ساکھ دونوں کو مقدم رکھنا ناگزیر ہے۔وزیر اعظم نے صحافتی برادری سے اپیل کی کہ وہ تصدیق، دیانت اور پیشہ ورانہ معیار کی اعلیٰ ترین اقدار کو برقرار رکھے تاکہ میڈیا کے برق رفتار ڈیجیٹل دور میں بھی مسابقت سچائی کی قیمت پر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نہ صرف ہماری معاشرتی، سیاسی اور معاشی تنوع کی عکاسی کرتا ہے بلکہ قومی یکجہتی و استحکام کے فروغ کا باعث ہے،صحافت عوام کے سماجی، معاشی اور عوامی اہمیت کے امور کو اجاگر کرنے اور اہم عوامی آگاہی کے لیے مفید انداز میں کام کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج اس موقع پر وہ حکومت کے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ آزادیِ صحافت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اس کے فروغ اور سازگار ماحول کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے،آئیے مشترکہ تجدید عزم کریں کہ صحافتی آزادی کے تحفظ میں حکومت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ سازگار ماحول میں میڈیا سچائی کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھاتا رہے اور مل کر ہم ایک مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لئے محو عمل رہیں جو پر امن، پراعتماد اور عالمی سطح پر باوقار مقام رکھتا ہو۔
Leave a Reply