مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 26°C
جمعرات، 8 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 428,011 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $82,258 USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 428,011 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $82,258
قومی

پاکستان اور مصر میں زرعی تعاون کے فروغ، کپاس کی پیداوار و معیار بہتر بنانے پر اتفاق

📅 پیر، 17 اگست 2026 ✍️ Dost news ⏱ 3 منٹ
پاکستان اور مصر میں زرعی تعاون کے فروغ، کپاس کی پیداوار و معیار بہتر بنانے پر اتفاق
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

پاکستان اور مصر میں زرعی تعاون کے فروغ، کپاس کی پیداوار و معیار بہتر بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن سے ملاقات کی جس میں زراعت، غذائی تحفظ اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر نے پاکستان اور مصر کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جدید زراعت، پانی کے بہتر انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ کاشتکاری اور زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مصر کی پیش رفت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کپاس کی پیداوار اور معیار بہتر بنانے کے لیے مصر کی تکنیکی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ بہتر اقسام، معیاری بیج، جدید پیداواری طریقوں، فصلوں کے انتظام اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں مصر کا تجربہ پاکستان کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

رانا تنویر حسین نے پاکستانی اور مصری زرعی تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے، ماہرین کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تربیتی پروگراموں اور جدید زرعی طریقوں کے تبادلے کی تجویز بھی پیش کی۔

انہوں نے پانی کی بچت پر مبنی آبپاشی، معیاری بیجوں کی تیاری، بائیوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت، زرعی مشینری، لائیو اسٹاک، باغبانی اور زرعی تحقیق کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت زرعی پیداوار میں اضافے، پیداواری لاگت میں کمی اور کسانوں کی آمدن بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، معیاری زرعی مداخل اور تحقیق و توسیعی خدمات کے درمیان مضبوط روابط پر توجہ دے رہی ہے۔

مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن نے پاکستان اور مصر کے درمیان زرعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ مصری اداروں کو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

مصر کے سفیر نے کپاس، آبپاشی، زرعی تحقیق اور پانی کی کمی والے علاقوں میں کاشتکاری کے حوالے سے مصر کے تجربات سے آگاہ کیا اور پاکستانی و مصری ماہرین اور تحقیقی اداروں کے درمیان روابط اور تجربات کے تبادلے کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے باہمی رابطہ جاری رکھا جائے گا اور ایسے عملی شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی جن سے دونوں ممالک کے کسانوں، زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ کو فائدہ پہنچ سکے۔

SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں