پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان، ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا

پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان، ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا، ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 12 میں گزشتہ ایڈیشن کی طرح آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا فیصلہ تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر 2026 کو لندن میں ہوا تھا، جس کے بعد لیگ کی آئندہ تاریخوں کی حتمی ونڈو طے کی گئی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے مکمل شیڈول، میچز کے مقامات اور ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
پی ایس ایل 12 کی تیاریوں کے اگلے مرحلے میں کھلاڑیوں کی براہ راست سائننگ، ریٹینشن، ٹریڈ ونڈو اور پلیئر آکشن شامل ہوں گے۔
پی ایس ایل کے 12ویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پِنڈیز سمیت آٹھ فرنچائزز حصہ لیں گی۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن نے لیگ کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا اور 12واں ایڈیشن اس معیار کو مزید بلند کرے گا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کے مطابق 2027 کی لیگ کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے اور آنے والے مہینوں میں براہ راست سائننگ، ریٹینشن، ٹریڈ ونڈو اور کھلاڑیوں کی نیلامی کے مراحل مکمل کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کا انعقاد 2026 میں آٹھ ٹیموں کے ساتھ ہوا تھا، جبکہ پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کے بجائے کھلاڑیوں کی نیلامی کا نظام متعارف کرایا گیا تھا۔ پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
