صدر زرداری کی انڈونیشیا کی قیادت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد

صدر زرداری کی انڈونیشیا کی قیادت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد
اسلام آباد، 17 اگست: صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو، حکومت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد دی ہے۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے اپنے تہنیتی خط میں کہا کہ یہ تاریخی موقع انڈونیشیا کے عوام کے جذبے، استقامت اور عزم کے ساتھ آزادی کی جدوجہد میں قوم کے بانی رہنماؤں کی قیادت کی یاد دلاتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد، مشترکہ عقیدے اور دوطرفہ، علاقائی و بین الاقوامی سطح پر تعاون پر مبنی قریبی اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مسلسل وسعت دی ہے۔
صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ گزشتہ سال صدر پرابوو سوبیانتو کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملی، جس سے باہمی مفاد میں تعاون کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کے عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
