کویت میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کی پروقار تقریب، ڈیجیٹل پورٹل کا افتتاح

کویت میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کی پروقار تقریب، ڈیجیٹل پورٹل کا افتتاح
کویت، 14 اگست(رپورٹ محمد عمر): پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر کویت میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، جبکہ شرکاء نے سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے قومی دن کے موقع پر بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے کی گونج میں سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال کی جانب سے سبز ہلالی پرچم بلند کرنے سے ہوا۔ بعد ازاں سفارتخانے کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب کی میزبانی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے کی اور شرکاء کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں سفارتخانے کے اسٹاف رکن حافظ عامر سلمان نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی، جبکہ فرسٹ سیکریٹری عابد اللہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔

اس موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال نے بچوں کے ہمراہ پاکستان کے یوم آزادی اور قائداعظم کی 150ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
تقریب کا اہم مرحلہ پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے سفارتخانے کے ڈیجیٹل پورٹل سسٹم کے افتتاح کا تھا۔ سفیر پاکستان نے پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام کے ذریعے کویت میں مقیم پاکستانی شہری گھر بیٹھے متعدد سفارتی اور کمیونٹی سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔ صارفین کی سہولت کے لیے پورٹل میں اردو زبان کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر اقبال نے ڈیجیٹل پورٹل کی تیاری اور لانچنگ میں کمیونٹی ویلفیئر ونگ کی کاوشوں کو سراہا اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر اور ان کی ٹیم کی خدمات کی تعریف کی۔
پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ جنگی حالات کے باوجود کویت کے لیے پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال نے شرکاء کے ہمراہ پاکستان زندہ باد اور قائداعظم زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے۔ پاکستان کرسچین سوسائٹی کویت کی جانب سے مقامی نوجوان گلوکار نے ملی نغمے ’اے وطن پیارے وطن‘ اور ’دل دل پاکستان‘ پیش کیے، جس سے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ ہوا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
