ماسکو میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی تقریب، پاک روس تعلقات میں پیش رفت اجاگر

ماسکو میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی تقریب، پاک روس تعلقات میں پیش رفت اجاگر
ماسکو: ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں تقریباً 250 مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں اعلیٰ روسی حکام، سفارت کاروں، ماہرین تعلیم، میڈیا نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل یوریوچ گالوزن نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے اپنے خطاب میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تجارت، علاقائی رابطہ کاری، تعلیم، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر روشنی ڈالی۔

سفیر پاکستان نے بین الاقوامی شمال جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور میں پاکستان کی دلچسپی اور علاقائی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔
روسی نائب وزیر خارجہ میخائل یوریوچ گالوزن نے پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ خلیجی بحران کے دوران اسلام آباد کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، علاقائی رابطہ کاری، صنعت اور تعلیم کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے مستقبل میں تعلقات مزید مستحکم ہونے کی امید ظاہر کی۔
تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی میوزیکل بینڈ خماریاں اور صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کے حامل معروف وائلن نواز ماسٹر رئیس خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ فنکاروں کی پرفارمنس نے پاکستان کے بھرپور موسیقی اور ثقافتی ورثے کی خوبصورت عکاسی کی اور تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب میں شریک روسی حکام، سفارت کاروں، پاکستانی کمیونٹی اور دیگر مہمانوں نے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرنے والی تقریب کو سراہا۔
