ہارون اختر خان صنعت و پیداوار کے لیے وزیراعظم کے مشیر مقرر

ہارون اختر خان صنعت و پیداوار کے لیے وزیراعظم کے مشیر مقرر
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ہارون اختر خان کو صنعت و پیداوار کے امور کے لیے اپنا مشیر مقرر کردیا ہے، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ ہارون اختر خان کو مشیر کی حیثیت سے وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہوگا۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہارون اختر خان وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
ہارون اختر خان کو صنعت و پیداوار کے شعبے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جبکہ 2015 سے 2018 تک وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات بھی رہ چکے ہیں اور اس منصب پر انہیں وفاقی وزیر کا درجہ حاصل تھا۔
وہ دو مرتبہ سینیٹر اور دو مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔ 2006 سے 2012 تک سینیٹ میں اپنے دور کے دوران انہوں نے خزانہ، اقتصادی امور، محصولات، تجارت، صنعت و پیداوار اور پٹرولیم سمیت مختلف قائمہ کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں۔
کاروباری شعبے میں بھی ہارون اختر خان کا وسیع تجربہ ہے۔ وہ صنعت و کاروبار سے وابستہ رہے ہیں اور ان کا تجربہ بالخصوص شوگر، ایتھنول اور دیگر صنعتی شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔ سرکاری پروفائل کے مطابق انہیں کاروباری انتظام، اقتصادی پالیسی اور صنعتی امور کا تجربہ حاصل ہے۔
ہارون اختر خان نے کینیڈا کی یونیورسٹی آف مینی ٹوبا سے ایکچوریل سائنس اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کیا اور سوسائٹی آف ایکچوئرز امریکا اور کینیڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایکچوئرز کے فیلو بھی ہیں۔
نئی ذمہ داری کے تحت ہارون اختر خان وزیراعظم کو صنعت و پیداوار سے متعلق پالیسی معاملات، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری، مقامی مینوفیکچرنگ اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے مشاورت فراہم کریں گے۔
ان کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حکومت صنعتی پیداوار میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات میں توسیع اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔
