علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ”پودے لگاؤ، ملک سنوارو“ مہم کا آغاز

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ”پودے لگاؤ، ملک سنوارو“ مہم کا آغاز
اسلام آباد۔11 اگست: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے چیلنجز سے نمٹنے اور کیمپس کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کے لیے ”پودے لگاؤ، ملک سنوارو“ کے عنوان سے مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کردیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی عمارت کے سامنے مرکزی پارک میں ”کوریزیا“ کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈینز، رجسٹرار، پرنسپل افسران اور شعبہ ہارٹیکلچر کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ درخت لگانا محض ماحول کو خوبصورت بنانے کی سرگرمی نہیں بلکہ اجتماعی بقا، صحت مند معاشرے اور محفوظ مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے شجرکاری کو اجتماعی قومی ذمہ داری کے طور پر اپنانا ہوگا۔
پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ”پودے لگاؤ، ملک سنوارو“ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عملی تحریک ہے جس کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ کا احساس اجاگر کرنا اور پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے میں اجتماعی کردار کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ درخت فضائی آلودگی کم کرنے، ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، درجہ حرارت میں کمی اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وائس چانسلر نے شعبہ ہارٹیکلچر کو یونیورسٹی کیمپس میں مصنوعی جنگل کے قیام کے لیے انتظامات تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ کیمپس کو مزید ماحول دوست بنانے کے ساتھ شجرکاری کے مؤثر اور پائیدار ماڈل کو فروغ دیا جاسکے۔
شعبہ زرعی سائنس کے ہارٹیکلچر آفیسر وجیح الحسن نے بریفنگ میں بتایا کہ مہم کے پہلے مرحلے میں یونیورسٹی کے مختلف مقامات پر 70 پھول دار پودے لگائے جارہے ہیں جبکہ مون سون شجرکاری مہم کے دوران مجموعی طور پر 200 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے بتایا کہ مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں میں سے 70 فیصد یونیورسٹی میں پہلے سے موجود پودوں سے تیار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اپنے وسائل سے پودوں کی تیاری شجرکاری کے عمل کو پائیدار بنانے کے ساتھ دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کی بھی عکاس ہے۔
بعد ازاں یونیورسٹی کے ڈینز، رجسٹرار اور دیگر پرنسپل افسران نے بھی پودے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں شجرکاری، سبزہ کاری اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو مزید وسعت دی جائے گی۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی مون سون شجرکاری مہم کا مقصد کیمپس کی خوبصورتی اور سرسبزی میں اضافہ کرنے کے ساتھ طلبہ، اساتذہ اور ملازمین میں ماحولیاتی ذمہ داری، شجرکاری اور پائیدار ماحول کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔
