مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 26°C
جمعرات، 8 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 428,011 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $82,258 USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 428,011 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $82,258
قومی

وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس، ذیلی اداروں سے دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان طلب

📅 پیر، 17 اگست 2026 ✍️ Dost news ⏱ 3 منٹ
وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس، ذیلی اداروں سے دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان طلب
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس، ذیلی اداروں سے دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان طلب

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کو کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطہ مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات کے لیے دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

اے پی پی کے مطابق وزیر داخلہ کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان کا اجلاس ہوا جس میں اداروں کی کارکردگی، اصلاحات کے منصوبوں، عوامی سہولیات اور سکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور کوآرڈینیشن مزید مضبوط بنائیں اور اپنے فیصلے خود کرنے کے لیے زیادہ خودمختار اور بااختیار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر معاملہ وزارت داخلہ کو بھیجنے کی ضرورت نہیں، جبکہ جہاں قانون میں تبدیلی یا اصلاحات درکار ہوں وہاں تجاویز فوری پیش کی جائیں۔

وزیر داخلہ نے تمام اداروں کے سربراہان کو ڈیٹا اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے مؤثر اور جامع اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے نئے قائم شدہ اداروں، بالخصوص لینڈ پورٹ اتھارٹی، کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کو درکار وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ وزارت داخلہ کا کام دیگر وزارتوں سے مختلف اور غیر معمولی نوعیت کا ہے، اس لیے ہر ذیلی ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا ہدف ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ اور رواں سال حج آپریشن کے دوران منشیات اسمگلنگ کا ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہونا اداروں کی کارکردگی میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔

وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی اداروں میں کام نہ کرنے کا کلچر موجود تھا تاہم اس سوچ کو تبدیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو اب اہداف پر مبنی، نتیجہ خیز اور کارکردگی پر مرکوز انداز میں کام کرنا ہوگا۔

اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ایم ڈی لینڈ پورٹ اتھارٹی، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد پولیس، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اور فیڈرل پراسیکیوٹر جنرل بھی اجلاس میں شریک تھے۔

ذیلی اداروں کے سربراہان نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں وزارت داخلہ کے اداروں میں بنیادی اور مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔

SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں