پاکستان ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر خطے کے دفاع و سلامتی میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، وزیراعظم

پاکستان ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر خطے کے دفاع و سلامتی میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان برادر ممالک ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ مل کر پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
اے پی پی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مل کر پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے ایک بار پھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے جنوبی ایشیا میں جوہری تباہی کو ٹالنے اور لاکھوں انسانی جانیں بچانے میں مدد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار امن اقوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم بنیادی شرط ہے۔
واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی جانب سے مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک بڑا اور جرات مندانہ پہلا قدم قرار دیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ معاہدے سے واضح ہوتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کس طرح ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں اور اپنے دفاع کی صلاحیت کو بہتر بنا رہے ہیں۔ انہوں نے معاہدے پر ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کی قیادت کو مبارکباد بھی دی۔
