ناروے کے 2.3 کھرب ڈالر کے خودمختار پنشن فنڈ کا پہلی ششماہی میں ریکارڈ منافع

ناروے کے 2.3 کھرب ڈالر کے خودمختار پنشن فنڈ کا پہلی ششماہی میں ریکارڈ منافع
اوسلو، 14 اگست: دنیا کے سب سے بڑے خودمختار دولت فنڈ، ناروے کے گورنمنٹ پنشن فنڈ گلوبل نے 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران ریکارڈ 1.753 ٹریلین نارویجن کرون، تقریباً 184.3 ارب ڈالر، منافع کمایا ہے۔ فنڈ کی مجموعی مالیت تقریباً 2.3 کھرب ڈالر ہے۔
آئل پرائس کی رپورٹ کے مطابق ناروے کے مرکزی بینک کے سرمایہ کاری بازو Norges Bank Investment Management کے مطابق جنوری سے جون 2026 کے دوران فنڈ نے 9.4 فیصد منافع حاصل کیا، جس میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص کی مضبوط کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق ایشیائی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں نمایاں اضافے نے فنڈ کے منافع کو نئی بلند ترین سطح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فنڈ کی ایکویٹی سرمایہ کاری نے مجموعی طور پر 13 فیصد منافع دیا، جبکہ دوسری سہ ماہی میں ایکویٹی پورٹ فولیو کا منافع 16 فیصد رہا۔
ناروے کا گورنمنٹ پنشن فنڈ گلوبل ملک کے تیل اور گیس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو عالمی سطح پر سرمایہ کاری کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ فنڈ دنیا بھر کی تقریباً 7,100 سے زائد کمپنیوں میں سرمایہ کاری رکھتا ہے اور عالمی سطح پر لسٹڈ کمپنیوں کے تقریباً 1.5 فیصد حصص کا مالک ہے۔
فنڈ کی بڑی سرمایہ کاریوں میں امریکی ٹیکنالوجی کمپنیاں Nvidia، Apple، Alphabet اور Microsoft شامل ہیں، جبکہ حال ہی میں فنڈ نے پہلی مرتبہ SpaceX میں تقریباً 1.2 ارب ڈالر مالیت کے 0.05 فیصد حصص رکھنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 30 جون 2026 تک فنڈ کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 22.683 ٹریلین نارویجن کرون تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم نارویجن کرون کی قدر میں اضافے کے باعث کرنسی اثرات نے فنڈ کی مالیت پر منفی اثر بھی ڈالا۔
فنڈ کے چیف ایگزیکٹو نکولائی ٹینجن نے عالمی منڈیوں میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے وزن کے باعث ارتکاز کے خطرے کی جانب بھی توجہ دلائی ہے۔ ان کے مطابق فنڈ کی مجموعی مالیت کا تقریباً 20 فیصد حصہ اب اس کی 10 بڑی سرمایہ کاریوں میں موجود ہے۔
