امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر کی اسحاق ڈار سے ملاقات، دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر کی اسحاق ڈار سے ملاقات، دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد، 14 اگست: پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہا اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 18 جون کو طے پانے والے اسلام آباد مفاہمت نامے پر اس کی روح اور متن کے مطابق عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
نائب وزیراعظم نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد بھی پیش کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
