مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 26°C
جمعرات، 8 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 429,611 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $80,640 USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 429,611 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $80,640
قومی

یومِ آزادی ایمان، اتحاد اور قومی عزم کی تجدید کا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

📅 جمعہ، 14 اگست 2026 ✍️ Dost news ⏱ 6 منٹ
یومِ آزادی ایمان، اتحاد اور قومی عزم کی تجدید کا دن ہے، چیئرمین سینیٹ (تصویر 1)
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

یومِ آزادی ایمان، اتحاد اور قومی عزم کی تجدید کا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد، 14 اگست: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 14 اگست محض کیلنڈر کی ایک تاریخ نہیں بلکہ ایمان، آزادی، خودمختاری، جمہوریت اور قومی عزم کی علامت ہے، یہ دن ہمیں اس تاریخی جدوجہد اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ قومی یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے قوم کو دل کی گہرائیوں سے یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور تحریک پاکستان کے بانیان، قائدین اور کارکنان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے قیام پاکستان کے لیے ہجرت کی صعوبتیں برداشت کرنے اور بے مثال قربانیاں دینے والے لاکھوں افراد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کے دفاع، سلامتی، امن اور خودمختاری کے لیے ان کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کا ساتھ دیا اور ملکی سرحدوں کے دفاع، دہشت گردی کے خلاف جنگ، داخلی سلامتی اور قدرتی آفات کے دوران امدادی کارروائیوں میں مثالی خدمات انجام دیں۔

ملکی سول و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور عالمی برادری میں ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے اپنا کردار مضبوط بنا رہا ہے۔

انہوں نے مکہ دفاعی معاہدے کو اہم سفارتی اور تزویراتی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے علاقائی تعاون، باہمی اعتماد اور اجتماعی سلامتی کے لیے نئی راہیں کھلی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو اقتصادی دباؤ، بے روزگاری، توانائی و پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی، صحت، تعلیم اور ادارہ جاتی اصلاحات سمیت پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان چیلنجز پر قابو پانے اور پائیدار قومی ترقی کے لیے قومی اتحاد، آئین پسندی، قانون کی حکمرانی، میرٹ، انصاف اور مضبوط ادارے ناگزیر ہیں۔

یومِ آزادی ایمان، اتحاد اور قومی عزم کی تجدید کا دن ہے، چیئرمین سینیٹ (تصویر 2)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل انسانی وسائل، تعلیم، صحت، زراعت، صنعت، برآمدات، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری سے وابستہ ہے۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ وہ جدت کار، کاروباری افراد اور روزگار پیدا کرنے والے بن سکیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے تمام شہریوں کی مساوی عزت اور مؤثر شرکت میں ہے، جن میں مذہبی اقلیتیں، کسان، مزدور، خواتین اور معاشرے کے دیگر طبقات شامل ہیں۔ ملک کی ترقی میں ان کے کردار کو تسلیم، تحفظ اور مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے تنوع کو قومی قوت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر قومی وحدت کا لازمی حصہ ہیں۔ مختلف زبانیں، ثقافتیں اور روایات ہماری اجتماعی قوت اور اتحاد کا ذریعہ بننی چاہئیں۔

خارجہ پالیسی کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے تمام ممالک، بالخصوص ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن، باعزت اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق، بشمول ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی مسلسل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت بھی دہرائی۔

قوم سے اجتماعی عزم کی تجدید کی اپیل کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قومی مفادات کو ذاتی اور سیاسی اختلافات پر مقدم رکھنا ہوگا جبکہ آئین، جمہوری ادارے اور قانون کی حکمرانی ریاست کی بنیاد رہنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی ہمت، استقامت اور اتحاد کے ذریعے متعدد چیلنجز پر قابو پا چکا ہے اور اسی قومی جذبے کے ذریعے آج بھی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا سنہری اصول ’’ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط‘‘ محض قومی شعار نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کے لیے ایک عملی رہنما اصول بننا چاہیے۔

قبل ازیں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی اور قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے بانیان پاکستان، تحریک پاکستان کے قائدین اور تحریک آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں