پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مضبوط محافظ اور باوقار ملک بن کر ابھرے گا، ظفر بختاوری

پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مضبوط محافظ اور باوقار ملک بن کر ابھرے گا، ظفر بختاوری
اسلام آباد: یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام کا مقصد صرف ایک آزاد وطن کا حصول نہیں بلکہ مظلوم انسانیت کی حمایت، مسلمانوں کے تحفظ اور ایک مضبوط، خودمختار و باوقار اسلامی ریاست کا قیام بھی تھا، پاکستان ایٹمی طاقت بننے سے لے کر مکہ معاہدے تک اپنی تاریخی ذمہ داری کی تکمیل کی جانب عملی پیش رفت کر چکا ہے۔
پروفیشنل نرسنگ کالج اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم آزادی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ظفر بختاوری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں سعودی عرب کے بعد دیگر مسلم ممالک بھی اس سفر کا حصہ بنیں گے اور پاکستان ان شاء اللہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک مضبوط محافظ، توانا، خوشحال اور باوقار ملک بن کر ابھرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ ایک نظریہ، عزم اور کروڑوں لوگوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔ آج پاکستان اپنی مضبوط دفاعی صلاحیت، قومی یکجہتی اور باصلاحیت نوجوان نسل کے عزم کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کی تعبیر کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔
ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد نے عالمی سطح پر ملک کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے۔ موجودہ قیادت میں پاکستان نے ملکی سلامتی، دفاع اور قومی استحکام کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا اصل سرمایہ نوجوان نسل ہے، جسے تعلیم، تحقیق، جدید علوم، ٹیکنالوجی، محنت اور کردار سازی کے ذریعے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تعلیم یافتہ، ہنرمند اور باکردار نوجوان ہی پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنا کر دنیا میں باوقار مقام دلا سکتے ہیں۔

یو بی جی کے سیکرٹری جنرل نے نرسنگ کو مقدس شعبہ اور خدمت انسانیت کا عظیم مشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ نرسز شعبہ صحت میں انتہائی اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت بھی کرتی ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اخلاق، دیانت اور انسانیت کی خدمت کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو صرف ڈگریاں حاصل کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنے علم اور صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے استعمال کریں۔
تقریب سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عرفان چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ محنت، دیانت داری اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں اور اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی بہتری کے لیے بروئے کار لائیں۔
سابق وزیر تعلیم سندھ قادر بخش بلوچ نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے اسلاف کی قربانیوں سے آگاہی حاصل کرکے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
پروفیشنل نرسنگ کالج اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی پرنسپل زینت اسلام نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ان میں خدمت انسانیت اور حب الوطنی کا جذبہ اجاگر کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔
تعمیر ملت یونیورسٹی کی ڈین کائنات عصمت نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم، تحقیق، کردار سازی اور نوجوانوں کی مثبت تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا جبکہ طلبہ و طالبات نے یوم آزادی کی مناسبت سے چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرتے ہوئے ٹیبلوز، ثقافتی خاکے اور ملی نغمے پیش کیے۔ نوجوانوں کی پُرجوش پرفارمنس کو شرکاء نے بھرپور سراہا اور تقریب میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور پاکستان سے محبت کے جذبات اجاگر ہوئے۔
