مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 26°C
جمعہ، 9 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 429,601 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $81,637 USD/PKR 277.08 EUR/PKR 310.30 GBP/PKR 366.25 سونا/تولہ 429,601 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $81,637
قومی

نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے، وزیراعظم، نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی اور دیگر پروگراموں کا اجرا

📅 بدھ، 12 اگست 2026 ✍️ Dost news ⏱ 5 منٹ
نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے، وزیراعظم، نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی اور دیگر پروگراموں کا اجرا
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے، وزیراعظم، نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی اور دیگر پروگراموں کا اجرا

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو روزگار، ہنر اور جدید ٹیکنالوجی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی، سکل ایمبیسڈر پروگرام اور نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا اجرا کر دیا اور کہا ہے کہ نوجوان نسل قوم کی امید ہے، انہیں ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے۔

نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے یکساں مواقع کی فراہمی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ غریب کا بچہ اعلیٰ تعلیم سے محروم کیوں رہے، حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں کا معیار کسی طور ایچی سن کالج سے کم نہیں، اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے جہاں آئندہ سال کلاسز کا آغاز ہوگا۔ یونیورسٹی مکمل طور پر ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگی اور طلبہ کو فنی و پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ محنتی اور ہونہار طلبہ و طالبات میں 7 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ رواں سال مزید 2 لاکھ 50 ہزار نوجوانوں کو کروم بکس فراہم کیے جائیں گے۔ رواں سال ایک ہزار طلبہ و طالبات کو آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم کے لیے چین بھیجا جائے گا اور ان کا انتخاب صرف میرٹ کی بنیاد پر ہوگا، جبکہ تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال چاروں صوبوں سے میرٹ پر ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو تربیت کے لیے چین بھیجا گیا تھا، رواں سال مزید ایک ہزار نوجوانوں کو چین بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور فنی تعلیم، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کا ہے اور اگر پاکستان نے جدید علوم کو اپنے ترقی کے سفر میں شامل نہ کیا تو ملک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور قوم کو نوجوان نسل سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے رواں سال بجٹ میں خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں، تمام وسائل نوجوانوں کی ترقی پر نچھاور کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹہ لازمی ہوگا جبکہ نوجوانوں کو ملازمتوں کے بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے کی سہولت دی جائے گی۔ ہر سال اسٹارٹ اپس کے لیے 10 فیصد کوٹہ مختص ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 1947ء میں پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا تھا، جبکہ 2047ء کا پاکستان نوجوانوں کی سوچ، صلاحیت اور جوش سے بنے گا۔ یہ محض الفاظ نہیں بلکہ ایک وژن ہے۔

انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کا دائرہ کار گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان تک بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ملک کے دور دراز علاقوں کے ذہین اور مستحق بچوں کو بھی معیاری تعلیم کے مواقع میسر آ سکیں۔ کراچی سے پشاور تک ہر بچے اور بچی کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ دانش سکولوں کی طرز پر اعلیٰ معیار کے تعلیمی ادارے قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ترقی اور باوقار روزگار کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

تقریب سے وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں 2047ء کے پاکستان کے وژن کے حوالے سے ویڈیو پیش کی گئی جبکہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے نوجوانوں کے لیے خصوصی ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا۔

وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کی کور ٹاسک فورس کے ارکان میں اسناد جبکہ دانش سکول کے پوزیشن ہولڈرز اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے نوجوانوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔

SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں