مریم نواز سے قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

مریم نواز سے قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں تعلیم کے فروغ، سیکیورٹی، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے نمٹنے کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز پر غور کیا گیا۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد اور محفوظ بسنت کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان انہیں بہت پسند ہے، خصوصاً پنجاب اور لاہور کے لوگ زندہ دل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانونی اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبے میں ترقی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے نئی پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ امریکہ میں مقیم تقریباً 10 لاکھ پنجاب کے اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور صوبے کی ترقی میں ان کے کردار کو اہمیت حاصل ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مون سون سے قبل پیشگی اقدامات اور ڈسٹرکٹ واساز کے قیام سے بارشی پانی کے فوری نکاس کو ممکن بنایا گیا ہے۔ پنجاب بدل رہا ہے اور پنجاب کے شہر اور دیہات ریفارم ہو رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو محض علامتی نہیں بلکہ عملی شکل دی گئی ہے۔ خواتین کی آمدورفت میں آسانی کے لیے الیکٹرک اسکوٹیز اور الیکٹروبس سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ خواتین کو مالی خودمختاری کی جانب گامزن کرنے کے لیے چھوٹے کاروبار کے لیے بلاسود قرضے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے ڈائریکٹ پنک بٹن اور ورچوئل پولیس اسٹیشن سمیت مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
ملاقات میں پنجاب اور امریکہ کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
