مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ تاریخ ساز پیشرفت ہے، وزیر عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کو تاریخ ساز پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے باعث فخر اور تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کے حوالے سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ تاریخی سنگ میل ہے۔ پاکستان کو عالمی سطح پر وہ مقام حاصل ہوا جس کی قوم ہمیشہ سے خواہش مند رہی ہے۔
اتحاد امت کیلئے اہم پیش رفت
اتوار کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے پاکستانی قوم کو یہ تاریخی دن دکھایا، پورا ملک اس اہم موقع کو بھرپور انداز میں منا رہا ہے، ملک بھر میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد کیلئے اہم پیش رفت ہے اور یہ معاہدہ نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری امت مسلمہ کے لئے باعث فخر ہے۔
قیادت کا کلیدی کردار
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے اس تاریخ ساز معاہدے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کو عالمی سطح پر وہ مقام حاصل ہوا ہے جس کی پاکستانی قوم ہمیشہ سے خواہش مند رہی ہے۔
دفاعی شراکت داری کا نیا دور
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ باہمی شراکت داری کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے جس کے تحت تینوں برادر ممالک دفاع کے شعبے میں مل کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز بخشا جبکہ تین دوست و برادر ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ بھی اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک خاص انعام اور نعمت ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ امن و سلامتی کے فروغ کے لئے ہے، پاک، سعودیہ، ترکیہ معاہدے میں جنرل عاصم منیر کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے اس تاریخی کامیابی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو اس اہم مقصد کے لئے منتخب کیا ہے۔
