مرکزی مواد پر جائیں
☀️ اسلام آباد: 26°C
اتوار، 4 اکتوبر 2026
تازہ ترین
📊 ریٹ
USD/PKR 276.83 EUR/PKR 311.48 GBP/PKR 365.99 سونا/تولہ 429,972 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $84,791 USD/PKR 276.83 EUR/PKR 311.48 GBP/PKR 365.99 سونا/تولہ 429,972 PKR KSE-100 78,400 Bitcoin $84,791
قومی

اسلام آباد: انسانی اعضاء کی غیر قانونی فروخت میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

📅 جمعہ، 26 جون 2026 ✍️ Dost news ⏱ 3 منٹ
تصویر
f 𝕏 ✈ شیئر کریں
f 𝕏
✓ لنک کاپی ہو گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی (HOTA) نے اسلام آباد میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پراسیسنگ کے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈیوٹی مجسٹریٹ نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے پانچ ملزمان، جن میں تین چینی شہری اور دو پاکستانی شہری شامل ہیں، کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ تمام ملزمان کو پیر کے روز دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے اور HOTA نے اسلام آباد کے سیکٹر ای-11 میں ایک اور مشترکہ چھاپہ مارا، جہاں سے غیر قانونی طور پر پراسیس کیے گئے انسانی اعضا، خصوصاً انسانی پلیسینٹا (Placenta)، کی بڑی مقدار برآمد کی گئی۔ حکام کے مطابق مخصوص انسانی پلیسینٹا کو پراسیسنگ کے بعد ریفریجریٹرز میں محفوظ رکھا گیا تھا، جبکہ درجنوں کنٹینرز بھی قبضے میں لیے گئے۔ تحقیقات کے مطابق ان تیار شدہ مصنوعات کو "She Placenta” کے نام سے بیرون ملک، خصوصاً ویتنام، برآمد کیا جاتا تھا۔

تازہ کارروائی کے دوران مزید دو پاکستانی ورکرز، امجد اقبال اور محمد ناصر، کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، جن سے تفصیلی پوچھ گچھ جاری ہے۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک غیر قانونی انسانی اعضاء پراسیسنگ فیکٹری پر چھاپہ مار کر پانچ ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن میں تین چینی اور دو پاکستانی شہری شامل تھے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں انسانی پلیسینٹا، پراسیسنگ مشینری، کیمیکلز اور دیگر شواہد قبضے میں لیے گئے تھے۔

اس معاملے کا مقدمہ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد میں HOTA کی ایڈمن آفیسر حنا کنول کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔

مزید تحقیقات کے لیے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کارپوریٹ کرائم سرکل عمر ارسلان کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں سب انسپکٹر کاشف سعید، سب انسپکٹر محمد جنید اور سب انسپکٹر تابش بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ادارے اس نیٹ ورک کے بین الاقوامی روابط، انسانی پلیسینٹا کے حصول کے ذرائع، پراسیسنگ کے طریقہ کار اور بیرون ملک برآمدات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

ٹیگز: #HOTA #اسلام آباد #انسانی اعضاء کی سمگلنگ #ایف آئی اے #چینی شہری
SPONSORED — Dost Marketing

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں