ایرانی صدر مسعود پزشکیان پاکستان پہنچ گئے، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے استقبال کیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ منگل کو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر ایرانی صدر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ ایران کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود تھا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں نے بھی انہیں سلامی پیش کی۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے صدر مسعود پزشکیان کو پھول پیش کئے جبکہ پاکستان اور ایران کے پرچم تھامے بچوں نے ان کا خیرمقدم کیا۔ صدر مسعود پزشکیان نے ہاتھ ہلا کر بچوں کے خیرمقدمی نعروں کا جواب دیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستانی قیادت کے ساتھ گرمجوشی کے ساتھ معانقہ و مصافحہ کیا۔ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی استقبال کیلئے موجودتھے۔ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا بطور صدر پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔
