وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی امن کی کوششیں، اراکین پارلیمنٹ کا خراج تحسین

اسلام آباد (اے پی پی)۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین نے پیر کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کو عالمی اور علاقائی امن کے قیام کے لیے ان کی کامیاب کوششوں پر سراہا ہے۔
وزیراعظم سے ملاقاتوں کے دوران قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین نے وزیراعظم کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے آغا رفیع اللہ، ایم این اے اعجاز حسین جاکھرانی، ایم این اے ذوالفقار بھنڈر، ایم این اے علی جان مزاری، ایم این اے ثمر ہارون بلور، سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی، ایم این اے ندیم عباس ربیرا، ایم این اے ڈاکٹر صدف احسان اللہ، ایم این اے چوہدری عثمان اور ایم این اے محمد ادریس شامل تھے۔
ان ملاقاتوں میں وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔
اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں قومی پرچم کو تاریخی شناخت ملی اور پاکستان کا وقار دنیا کی اقوام میں بلند ہوا۔ وزیراعظم نے اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے ظاہر کیے گئے جذبات کا خیرمقدم کیا۔
ملاقاتوں کے دوران اراکین پارلیمنٹ نے رائے دی کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے عالمی برادری میں تاریخی عزت حاصل کی اور پاکستان کی کوششوں سے خطے میں امن ممکن ہوا۔
انہوں نے قومی مفادات کے تحفظ اور ملکی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے وزیراعظم کی قیادت میں اپنا فعال کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں، پنجاب سے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نواز احمد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
