قومی اقتصادی کونسل نے 3.669 ٹریلین روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی
اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل نے مالی سال 2026-27 کے لیے 3.669 ٹریلین روپے کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے 1000 ارب روپے، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگراموں کے لیے 2,218 ارب روپے اور سرکاری اداروں کے پروگراموں کے لیے 451 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لیے نظرثانی شدہ شرح نمو 3.7 فیصد مقرر کی گئی اور متعلقہ وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ سالانہ منصوبہ 2026-27 کے اہداف کے حصول کے لیے وزارت منصوبہ بندی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔
قومی اقتصادی کونسل کو بتایا گیا کہ اپریل 2025 سے مارچ 2026 تک سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 316 ارب روپے مالیت کے 116 منصوبوں کی منظوری دی جبکہ ایکنک نے 5.117 ٹریلین روپے مالیت کے 72 منصوبوں کی منظوری دی۔
اجلاس میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور جائزے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ نئی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن پالیسی تیار کر لی گئی ہے جس میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے جائزے کا پائلٹ اقدام بھی شامل ہے۔
کونسل نے اڑان پاکستان اقدام کے تحت 11 قومی اقتصادی ترقیاتی مشنز کی بھی منظوری دی اور وزارت منصوبہ بندی و ترقی کو ہدایت کی کہ متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ان پر عملدرآمد کا جامع روڈ میپ تیار کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی امور پر اتفاق رائے کو وفاق کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے درمیان اتحاد اور تعاون کا جذبہ پاکستان کی ترقی کو آگے بڑھائے گا۔ انہوں نے مشکل معاشی حالات میں چاروں وزرائے اعلیٰ کے تعاون کو سراہا اور معاشی استحکام کے حصول میں حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تیز رفتار آبادی میں اضافہ ایک بڑا چیلنج ہے۔ صحت کی سہولیات میں بہتری، بچوں میں غذائی کمی خصوصاً اسٹنٹنگ میں کمی، اسکولوں سے باہر بچوں کی تعلیم اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی ترقیاتی اقدامات میں بہتر رابطے پر زور دیا اور کہا کہ ترقیاتی اخراجات کو قومی ترجیحات اور پائیدار معاشی اہداف سے ہم آہنگ کیا جائے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور قومی اقتصادی کونسل کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔
