*وزیرداخلہ محسن نقوی کا آرمی ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہارِ افسوس، شہداء کو
خراجِ عقیدت* قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، دکھ کی گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، محسن نقوی اسلام آباد، 10 جون 2026: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مظفرآباد کے قریب پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں شہید ہونے والے تمام اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکاروں نے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں پوری قوم اور حکومت شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہید ہونے والے اہلکاروں کی وطن کے لیے خدمات اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ محسن نقوی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندانوں کو صبر جمیل دے۔
