پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور صحت عامہ کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
اے پی پی کے مطابق گلوبل فنڈ کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس کی قیادت گرانٹ مینجمنٹ ڈویژن کے مارک ایڈینگٹن کر رہے تھے۔ وفد میں سینئر پورٹ فولیو منیجر ازیسکن گویریا اور ڈپٹی جنرل قونصلر نتاشا ہیفنک بھی شامل تھیں۔
وزیراعظم نے ترقی پذیر دنیا میں صحت عامہ کو بہتر بنانے میں گلوبل فنڈ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے پھیلاؤ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے ایچ آئی وی وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان اور گلوبل فنڈ کا جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت بھی کی۔ ملاقات میں وفاقی وزرا اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
