وفاقی حکومت کا چھوٹے دکانداروں کیلئےفکس ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا اعلان

اسلام آباد (دوست نیوز ۔ 5 جون 2026ء ) وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، اسکیم کا اطلاق ان دکانداروں پر ہوگا جن کی سالانہ فروخت بیس کروڑ روپے یا اس سے کم ہے، اس کا مقصد ٹیکس نظام کو آسان بنانا اور زیادہ سے زیادہ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم تاجروں کی نمائندہ تنظیموں اور انجمن تنظیم تاجران کے مطالبات اور مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسکیم کا اطلاق ان دکانداروں پر ہوگا جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہے۔ اس اسکیم کے تحت ایک فیصد فکس ٹیکس عائد کیا جائے گا، جبکہ پہلے سے کٹے ہوئے ودہولڈنگ ٹیکس کو اس رقم میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق ہر دکاندار کے لیے کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس جمع کرانا لازم ہوگا، جبکہ زیادہ ٹرن اوور رکھنے والے کاروباری افراد سے ان کی فروخت کے مطابق ایک فیصد شرح سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم کے تحت صرف ایک صفحے پر مشتمل سادہ فارم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس میں دکاندار اپنی سالانہ فروخت کی تفصیلات کا اندراج کریں گے۔
