بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ٹیکسز میں ریلیف دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے: عثمان بسرا
ٹیکسوں میں کمی سے سرمایہ کاری،تعمیراتی سرگرمیوں،روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے
اسلام آباد(دُوست نیوز)
آفیشل کوارڈنیٹر اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن و چیئرمین یوتھ کمیٹی آئی سی سی آئی انجنئیر عثمان نواز بسرانے کہا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں حکومت کی جانب سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو مختلف ٹیکسوں میں ریلیف دینے کی اطلاعات انتہائی حوصلہ افزا ہیں،پراپرٹی خریدنے پر ٹیکس کی شرح 1.5 فیصد سے کم کر کے 0.25 فیصد کرنے اور فروخت پر ٹیکس 4.5 فیصد سے کم کر کے 1.5 فیصد کرنے کی تجویز زیر غور ہے،اگر حکومت جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد مختلف ٹیکسوں، ودہولڈنگ ٹیکس، کیپیٹل گین ٹیکس اور دیگر اضافی مالی بوجھ میں کمی کرتی ہے تو اس سے نہ صرف رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں نئی جان آئے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔ حکومت اگر بجٹ میں پراپرٹی ٹرانزیکشنز پر عائد ٹیکسوں میں معقول کمی، فائلرز اور نان فائلرز کے درمیان فرق کو کم کرنے اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا اعلان کرتی ہے تو اس سے مقامی اور بیرون ملک پاکستانی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔
