قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے بنایا جائے ، پاک فضائیہ ترجمان

بھکر۔ 22 مئی (اے پی پی):پاک فضائیہ نے عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے بنایا جائے تاکہ فضائی حدود میں خطرناک پرندوں کی موجودگی کو کم کیا جا سکے اور فضائی آپریشنز کو محفوظ بنایا جا سکے۔پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنی مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے پرواز کرتے ہیں۔
اس عید پر ذبح کیے گئے جانوروں کے فضلے کو ذمہ داری سے ٹھکانے لگا کر ہمارے ہوائی جہازوں اور پائلٹوں کو خطرناک برڈ اسٹرائیکس سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔پیغام میں مزید کہا گیا کہ قربانی کے جانوروں کی باقیات کھلے مقامات پر پھینکنے سے پرندے بڑی تعداد میں آبادیوں اور فضائی راستوں کے قریب جمع ہو جاتے ہیں، جو طیاروں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔
شہری انتظامیہ اور عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے پاک فضائیہ نے کہا کہ قومی سلامتی اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے صفائی اور ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔ترجمان کے مطابق عوام اگر عید کے دنوں میں صفائی کے اصولوں پر عمل کریں اور آلائشوں کو مقررہ مقامات پر تلف کریں تو اس سے نہ صرف ماحول صاف رہے گا بلکہ قومی فضائی سلامتی کو بھی مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے گا۔
