حج آپریشن 2026: 61 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حجازِ مقدس پہنچ گئے، 1288 اہلکار خدمت پر مامور
مکہ مکرمہ۔11مئی (دوست نیوز):حجازِ مقدس کی پرنور فضاؤں میں لبیک اللہم لبیک کی ایمان افروز صداؤں کے ساتھ ہی اللہ کے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4,875 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچے ہیں جس کے بعد وہاں موجود پاکستانی حجاج کی مجموعی تعداد 61,147 ہو گئی ہے جو کہ مجموعی کوٹے کا 51 فیصد ہے ۔
ضیوف الرحمان کی خدمت اور دیکھ بھال کے لیے اب تک 1,288 اہلکار حجازِ مقدس پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں، جن میں حجاج کی رہنمائی کے لیے 792 معاونین اور بہترین طبی امداد کے لیے میڈیکل مشن کے 294 ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف شامل ہے ۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق اس وقت مکہ مکرمہ میں موجود پاکستانی حجاج کی تعداد 49,495 سے تجاوز کر کے 56,408 تک پہنچ چکی ہے، جو مدینہ منورہ میں حاضری کے بعد مکہ مکرمہ کی جانب منتقلی کے عمل میں تیزی کی عکاسی کرتی ہے ۔
اسی طرح جدہ ایئرپورٹ پر اب تک اترنے والی 103 پروازوں سے مجموعی طور پر 25,931 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ، جبکہ مدینہ منورہ کے لیے اب تک مجموعی طور پر 141 پروازیں آپریٹ کی جا چکی ہیں ۔
اللہ کے ان مہمانوں کی خدمت کے لیے پاکستان حج مشن کے خادم مکہ و مدینہ میں ہمہ وقت مستعد ہیں، جہاں آئی ٹی اور میڈیا سیل سمیت ٹیکنیکل شعبوں کے 202 خدام بھی حجازِ مقدس پہنچ کر فعال ہو چکے ہیں ۔
سٹیشن وائز تعیناتی کے مطابق مکہ مکرمہ میں اس وقت سب سے زیادہ یعنی 766 معاونین اور 148 ٹیکنیکل سٹاف حجاج کی خدمت اور ان کی حاجت روائی پر مامور ہے ۔
عازمین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر طبی سہولیات کے محاذ پر بھی غیر معمولی مستعدی دیکھی جا رہی ہے تاکہ ضیوف الرحمن کو مناسکِ حج کی ادائیگی میں ہر ممکن آسانی فراہم کی جا سکے۔

Leave a Reply