پنجاب میں 2 سے 4 مئی تک بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور۔1مئی (دوست نیوز):پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں گردوغبار، آندھی اور بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 2 سے 4 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گجرانوالہ،حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ، راجن پور، نورپور تھل اور ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ڈی جی عمر جاوید نے مزید کہا کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں،کسان اپنی تمام تر پیشگی اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔انہوں نے کہا کہ سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
