پاکستان سے سعودی عرب حج پروازوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ،مجموعی طور پر 15 ہزار عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے
مدینہ منورہ۔25اپریل (دوست نیوز):پاکستان سے سعودی عرب حج پروازوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے اور حج آپریشن کے پہلے سات روز کے دوران مجموعی طور پر 59 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 26 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق آج (ہفتے ) کو بھی حج آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے، جس میں مزید 8 پروازوں کے ذریعے 22 سو پاکستانی عازمین حج مدینہ منورہ پہنچیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ عازمین کی خدمت اور رہنمائی کے لیے اب تک مذہبی امور کے 80، حج میڈیکل مشن کے 50 اور 134 دیگر سول ملازمین بطور خدام الحجاج سعودی عرب پہنچ کر اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ مدینہ منورہ میں عازمین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے مین کنٹرول آفس، ایئرپورٹ استقبالیہ، خوراک، رہائش، ٹرانسپورٹ اور کال سینٹر سمیت تمام شعبے 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اب تک 4 ہزار 611 پاکستانی عازمینِ حج کو ریاض الجنہ کی زیارت کا عمل مکمل کروایا جا چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شعبہ شکایات اور گمشدگی و بازیابی کا عملہ بھی مستعد ہے، جس نے اب تک راستہ بھول جانے والے ایک حاجی، 14 ویل چیئرز اور 673 گمشدہ بیگز تلاش کر کے عازمین تک پہنچائے ہیں۔عازمین کی صحت و سلامتی کے حوالے سے پاکستان حج میڈیکل مشن فعال کردار ادا کر رہا ہے، جس کے تحت اب تک 288 افراد کو او پی ڈی، 5 کو ڈینٹل اور 4 عازمین کو ای سی جی کی طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
مدینہ منورہ میں قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت یہ ہے کہ وہاں پہنچنے والے عازمین حج کے اولین قافلے اپنی آٹھ روزہ مدت پوری کرنے کے بعد آج مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ مکہ روانگی، ریاض الجنہ کی زیارت اور دیگر انتظامی امور کی نگرانی کے لیے تمام متعلقہ شعبے چوبیس گھنٹے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔
Leave a Reply