پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان کسی قسم کی ملاقات کا کوئی امکان نہیں، ایرانی وزارت خارجہ
اسلام آباد(دوست نیوز) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں پاکستانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ملاقاتوں میں پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔ ترجمان کے مطابق خطے میں امن کی بحالی اور امریکا کی جانب سے مسلط جارحانہ جنگ کے خاتمے سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کسی قسم کی ملاقات طے نہیں، جبکہ ایرانی وفد پاکستانی حکام کو اپنے مشاہدات سے آگاہ کرے گا۔ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی وفد کا استقبال کیا، پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور وزیر داخلہ پاکستان محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
Leave a Reply