ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں تین روزہ ڈیپ کلیننگ مہم جاری
راولپنڈی۔ 23 اپریل (دوست نیوز):ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں تین روزہ ڈیپ کلیننگ سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔جن کا مقصد شہری و دیہی علاقوں میں مکمل صفائی اور زیرو ویسٹ سسٹم کو یقینی بنانا ہے۔ ہر تحصیل میں جاری خصوصی آپریشن کے دوران قبرستان، بس اڈے، پارکس، مرکزی و اندرونی سڑکیں، گلیاں، کنٹینرز اور کھلے پلاٹ مکمل طور پر صاف کیے جا رہے ہیں۔
اس مہم کے دوران ویسٹ کلیئرنس کے ساتھ ساتھ نالیوں کی صفائی اور مجموعی ماحول کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔راولپنڈی کی تحصیل صدر میں تین روزہ ڈیپ کلیننگ آپریشن روات، جی ٹی روڈ، اڈیالہ روڈ، چکری روڈ اور چکری اڈہ کے علاقوں میں مکمل زیرو ویسٹ حکمت عملی کے تحت انجام دیا گیا، جس سے علاقے میں صفائی کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہوئی۔اس آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر صدر حاکم خان، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک اور منیجر تحصیل صدر حارث مرتضی نے کی۔
فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اس حوالے سے سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں زیرو ویسٹ ہدف کے حصول کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیپ کلیننگ آپریشنز کا مقصد صرف صفائی نہیں بلکہ ایک پائیدار اور صاف ماحول کی بنیاد رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر دبلیو ایم سی کی فیلڈ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر شہری و دیہی علاقوں میں صفائی یقینی بنا رہی ہیں اور شہریوں کے تعاون سے راولپنڈی کو ایک صاف، صحت مند اور خوبصورت شہر بنایا جا رہا ہے۔ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری یہ مہم مرحلہ وار تمام تحصیلوں میں مکمل کی جائے گی تاکہ پورے ڈویژن میں دیرپا صفائی نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply