اسلام آباد۔20اپریل (دوست نیوز):سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آ ئی ایف سی) نے طویل عرصے سے درپیش ریگولیٹری رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے تقریباً 700 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری سے سات نئے سیمنٹ پلانٹس کے قیام کی راہ ہموار کر دی ہے جس کے نتیجہ میں پاکستان کی صنعتی بحالی نے ایک نئی رفتار حاصل کر لی ہے ۔ایس آ ئی ایف سی حکام کے مطابق 25۔ 2024کے دوران ایک مربوط حکومتی حکمتِ عملی کے تحت حکومتِ پنجاب نے فلائنگ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ، لکی سیمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، ایشین پریشیس منرلز لمیٹڈ، بھٹہ سیمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، اورینٹ سیمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، ڈنڈوٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میپل لیف سیمنٹ فیکٹری لمیٹڈ جیسے اہم سرمایہ کاروں کے منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز کیا۔ یہ منصوبے طویل عرصے سے مختلف ادارہ جاتی رکاوٹوں، خصوصاً این او سیز، چونے کے پتھر (لائم اسٹون) کی کان کنی کے لیز اور یوٹیلیٹی سہولیات تک رسائی جیسے مسائل کی وجہ سے تاخیر کا شکار تھے۔
ایس آ ئی ایف سی نے اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے بین الادارہ جاتی اجلاسوں اور ہم آہنگی کے ذریعے صوبائی حکومت، بورڈ آف انویسٹمنٹ، محکمہ معدنیات اور دیگر ریگولیٹری اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ 2025 کے اوائل تک مائننگ لیز، رائلٹی ڈھانچے اور بجلی و گیس کی دستیابی سے متعلق پالیسی وضاحت حاصل کر لی جس سے منصوبوں کی تکمیل کے عمل میں شفافیت اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا۔تمام ساتوں سیمنٹ پلانٹس کے لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ سائٹ پر ابتدائی کام اور مالیاتی انتظامات کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی سیمنٹ پیداوار کی صلاحیت میں اضافے اور صنعتی بنیاد کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
معاشی اعتبار سے اس کے مثبت اثرات نمایاں ہوں گے۔ مقامی پیداوار میں اضافہ درآمدات پر انحصار کم کرے گا، برآمدات میں اضافہ ہوگا، ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی اور تعمیرات، لاجسٹکس اور توانائی جیسے ذیلی شعبوں کو بھی فروغ ملے گا۔ مزید برآں، ایس آ ئی ایف سی کے تحت وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی مستقبل میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لیے ایک مضبوط مثال قائم کر رہی ہے۔یہ پیش رفت عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔



