نطالیہ۔17اپریل (دوست نیوز):پاکستان اور ترکیہ نے تذویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں دیرپا اور مستحکم امن کے فروغ پر زور دیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے دو طرفہ ملاقات کی ۔ یہ ملاقات انطالیہ میں منعقدہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ہوئی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور دیگر اعلیٰ ترک حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں صدر اردوان نے وزیراعظم کا ترکیہ آمد پر خیرمقدم کیا اور انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کی امن کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے صدر اردوان کی جانب سے پرتپاک دعوت اور انطالیہ میں قیام کے دوران اپنی اور اپنے وفد کی روایتی ترک مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے کامیاب انعقاد پر ترک صدر کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ فورم ایک اہم عالمی تقریب کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی پیش رفت، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں جنگ بندی میں توسیع اور مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا تاکہ ایک پائیدار امن معاہدہ ممکن بنایا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے خطے میں دیرپا اور مستحکم امن کو فروغ دیا جائے۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی تجدید کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس سال کے آخر میں انقرہ میں آٹھویں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی ) اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے جاری اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جو برادرانہ تعلقات اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہے۔



