اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی)نے ملک کے مختلف حصوں میں 18 سے 23 اپریل تک ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ۔ این ای او سی کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب میں 18 اور 19 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک اورآندھی،طوفان کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور اور ڈیرہ غازی خان سمیت گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب میں زیادہ تر موسم خشک رہنے کا امکان تاہم 18، 19 اور 23 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے شمالی اور مغربی اضلاع کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، تربت، خضدار اور قلعہ سیف اللہ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گوادر اور ساحلی علاقوں میں 19، 20 اور 23 اپریل کو تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کا امکان، صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔
سندھ کے علاقوں خیرپور، سکھر، حیدرآباد، عمرکوٹ، مٹھی، بدین، کراچی اور کیٹی بندر میں 19 اور 20 اپریل کو آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سندھ کے متعدد اضلاع میں دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، ملاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور وزیرستان میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر برف باری بھی متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں استور، گلگت، سکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، وادی نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کوتیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں ۔ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برف باری اور بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔سیاح شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں ۔عوام بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘سے راہنمائی لیں ۔این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔



