
لاہور۔15اپریل (دوست نیوز):پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کی لاہور سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق کراچی میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 11) میں شریک تمام ٹیموں، فرنچائز مالکان اور انتظامیہ کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران چیئرمین پی سی بی نے تمام انتظامیہ کو خوش آمدید کہا اور کھلاڑیوں و فرنچائز مالکان سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر تمام سٹیک ہولڈرز نے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ محسن نقوی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل11 کے اصل ہیرو کھلاڑی ہیں، انہوں نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ وہ ہمارے خصوصی مہمان ہیں۔ تقریب میں سندھ کے وزرا اور افسران سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر معروف سابق کرکٹرز وسیم اکرم، انضمام الحق، مصباح الحق اور سرفراز احمد سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں نے اس پروقار تقریب کے انعقاد پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔



