بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام اور ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بھی بلوچستان ایک پرکشش مقام بنے گا۔
کوئٹہ۔ 11 اپریل (اے پی پی):بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے زیرِ اہتمام لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے حوالے سے ایک تعارفی سیشن منعقد کیا گیا۔ اس اہم تقریب میں مقامی صنعتکاروں، کاروباری شخصیات اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسرقائم لاشاری نے بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے تحت متعارف کرائے گئے“ون ونڈو آپریشن”سسٹم کی خصوصیات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اس نظام کے ذریعے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو مختلف سرکاری محکموں کی خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کی جائیں گی، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ کاروبار کے آغاز اور توسیع کے مراحل بھی آسان ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل کوآرڈینیشن فریم ورک کے نفاذ سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔ اس جدید نظام کے ذریعے مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو درپیش رکاوٹوں کو کم سے کم کیا جا سکے۔لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر یعقوب کریم، معروف صنعتکار اسماعیل ستار، اور لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹس ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل آئی ای ڈی اے ) کے منیجنگ ڈائریکٹر لیاقت کشانی نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس اقدام کو صوبے میں کاروباری ماحول کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام اور ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے بھی بلوچستان ایک پرکشش مقام بنے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیداہوں گے اور صوبے کی معیشت مستحکم ہوگی۔ شرکاء نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکی جانب سے کیے گئے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔




